ممبئی یکم جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پلگاؤں کے مرکزی اوور ڈرافٹ میں لگی خوفناک آگ کو غیر معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے این ڈی اے کی اتحادی شیوسینا نے آج اس میں کسی طرح کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا اور مرکز سے لوگوں کی جان اور وہاں بڑی مقدار میں گولہ بارود کے ذخائرکے نقصان کی ذمہ داری لینے کوکہا۔شیوسینا نے پارٹی ترجمان اخبار’’سامنا‘‘کے ایک اداریے میں کہاکہ پاکستان اورچین جیسے ہمارے دشمن اس بات کو سن کربہت خوش ہوئے ہوں گے کہ گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ آگ میں خاک ہو گیا۔جنگ میں بھی اتنانقصان نہیں ہوتا۔ہماری حکومت صرف مارے گئے لوگوں کے لئے دکھ ظاہر کرتی ہے اورتحقیقات کا حکم دیتی ہے۔شرم کی بات ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں غیرسنجیدہ ہے۔شیو سینا نے کہاکہ اگر فوج کے جوان سرحدپرجدوجہد کر رہے ہیں اور ان کے لئے کافی ہتھیار نہیں ہیں تو کون ذمہ دار ہے؟۔ حکومت اپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتی۔آگ عام نہیں تھی اور اس نے کئی شکوک و شبہات اور سوالات پیدا کئے ہیں۔سامنامیں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اگستاویسٹ لینڈ سودے میں ’’بدعنوانی‘‘ برداشت نہیں کی جاسکتی۔